پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کیلیے خط لکھ دیا۔ میڈیا کو موصول ہونے والی خط کی کاپی کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے خط میں درخواست کی کہ ذاتی دلچسپی لے کر ان اجلاسوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنائیں تاکہملک کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 154 کے تحت ہر 90 دن میں اجلاس منعقد کرنا لازمی ہے لیکن جنوری 2024 کے بعد سے یہ آئینی تقاضا پورا نہیں کیا جارہا۔ خط میں کہا گیا کہ اجلاس وفاقی اکائیوں کے درمیان تعاون بڑھانے، اہم مسائل کے حل اور ملک میں امن، ہم آہنگی اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلیے ضروری ہے تاہم مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاسوں کی تاخیر سے ان مسائل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔