عمران نے تمام پاکستانیوں کو نکلنے کی دعوت دی ہے‘ علیمہ خان

36

راولپنڈی (صباح نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو صرف پارٹی کو نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کو باہر نکلنے کی دعوت دی ہے۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا8 فروری کو آپ نے ووٹ ڈالا لیکن انہوں نے آپ کو باہر نکال دیا اور چوروں کو پارلیمنٹ میں بٹھا دیا گیا، آپ اب غلام بن چکے ہیں لہٰذا24نومبر کو اپنے اور اپنے بچوں کے لیے باہر نکلیں۔ عمران خان کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ جمہوریت کے3 ستون ہیں۔ ایک میڈیا، دوسرا جوڈیشری اور تیسرا عوام ہے، تینوں ستون کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے بھی خصوصی پیغام بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں کو احساس ہونا چاہیے۔ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کے لیے نکلیں، ہم پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کے خلاف نکلنا ہے،نکل کر بتائیں کہ یہ نظام قبول نہیں ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ پرویز الٰہی پردہ اسکرین سے غائب ہیں؟ علیمہ بی بی نے کہا کہ اس کا مجھے نہیں معلوم۔اس موقع پر علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی 24نومبرکے لیے پرعزم ہے، 24نومبر میرے لیے اتنا ہی اہم ہے جتنا24نومبر2011کو میں تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس بار پر عزم ہے اور اس بار پنجاب بھی نکل رہا ہے، پورے پاکستان سے اس بار لوگ اپنے لیڈر کی کال پر نکل رہے ہیں۔ اوور سیز پاکستانیوں سے بھی درخواست کروں گا کہ آزادی کے لیے نکلیں۔