ایمان مزاری، زینب جنجوعہ سمیت 28 خواتین وکلا کی آئینی ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست

235

اسلام آباد: ایمان مزاری، زینب جنجوعہ سمیت 28 خواتین وکلا نے آئینی ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف زینب جنجوعہ اور ایمان مزاری سمیت 28 خواتین وکلا نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا  ہے کہ عدالت عظمیٰ 26 ویں آئینی ترمیم کا جائزہ لینے کے لیے فل  بینچ تشکیل دے۔

سپریم کورٹ میں خواتین وکلا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فل بینچ آئینی ترمیم کا جائزہ لے کر آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دے۔ ساتھ ہی آئینی ترمیم کے تحت ہونے والے اقدامات پر عمل درآمد سے بھی روکا جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ درخواست میں وفاق اور چاروں صوبوں کو فریق بنایا گیا ہے۔