پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ایک ارب 20 کروڑ ڈالر سے متجاوز

102
Pakistan's IT exports

اسلام آباد:پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ایک ارب 20 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ملکی آئی ٹی کی برآمدات 35 فی صد اضافے سے ایک ارب 20 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2024-25 کے پہلے چار ماہ (جولائی، اگست، ستمبر، اکتوبر) میں پاکستانی آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات میں 34.9 فی صد کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ ایک ریکارڈ ہے، اس مثبت پیش رفت کے نتیجے میں مذکورہ چار ماہ میں برآمدات 1.206 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

شزہ فاطمہ نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 کے اسی دورانیے میں ملکی آئی ٹی برآمدات  894 ملین ڈالرز کی سطح پر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2024 میں آئی ٹی کی برآمدی ترسیلات میں 330 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال  اکتوبر کے مہینے کے مقابلے میں 38.6 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں، ایس آئی ایف سی کی بھر پور معاونت سے وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹویئر ایکسپورٹ بورڈ، آئی ٹی انڈسٹری آئی ٹی  برآمدات میں اضافہ کے لیے کوشاں ہیں۔