حکومتی نااہلی: 73 لاکھ بچے اسکول سے باہر، ہم نوجوانوں کا ہاتھ تھامیں گے، منعم ظفر

105

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہےکہ حکومت و ریاست کی نااہلی کی وجہ سے 5 سے 15 سال کے 73 لاکھ بچے جنہیں اسکولوں میں ہونا چاہیے تھا اسکول سے باہر ہیں، مفت آئی ٹی کورسز کاالخدمت بنو قابل پروگرام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان میں نوجوانوں کو مایوسی سے نکالنے کے لیے اُمید بن چکا ہے۔

جماعت اسلامی والخدمت کے تحت آئی ٹی کے مختلف کورسز مفت کروانے کے لیے پنجاب گراؤنڈ،شاہ فیصل کالونی میں ”بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ4.0“ میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہاکہ ہم نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر انہیں آگے بڑھائیں اور علامہ اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کروائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ نوجوان مایوس نہ ہوں،جماعت اسلامی اور الخدمت ان کے ساتھ ہے، پاکستان میں بے شمار وسائل اور معدنیات ہیں،ہمیں پر عزم ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔ علم کی شمع روشن کرنے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہاکہ   یہ وطن عزیز ہماری تمناؤں اور امیدوں کا مرکز ہے، اس کا خواب علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا اور قائد اعظم نے اسے حقیقت کا روپ دیا، آج نوجوانوں کو مایوسی کا شکار کیا جا رہا ہے، جماعت اسلامی اور الخدمت نے نوجوانوں کو ائی ٹی پلیٹ فارم دیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان اپنے ملک کی خدمت کریں اوراپنے والدین کا سہارا بنیں۔

منعم ظفر خان کاکہنا تھا کہ الخدمت نے بنوقابل پروگرام کے ساتھ ساتھ banoqabiljob.com پورٹل بھی بنادیا ہے، طلبہ و طالبات کورسز مکمل کرنے کے بعد پورٹل میں رجسٹرڈ کروائیں۔ہم نے 5 کورسز سے آغاز کیا تھا اور آج 28 کورسز کروارہے ہیں۔ پہلے صرف 9 مراکز تھے اور آج 55 مراکز ہیں جہاں فری آئی ٹی کورسز ہورہے ہیں۔