پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، مذہبی و سیاسی اجتماعات پر پابندی

261

اسلام آباد:پی  ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت مذہبی و سیاسی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی باضابطہ طور پر جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے مذہبی یا سیاسی اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی کال کے  بعد پارٹی کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاج کیا جائے گا، جس کے لیے کارکنوں کو ملک بھر سے اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت دیگر قیادت اور مقامی رہنما بھی زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو لانے کے لیے متحرک ہیں۔