راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے فلسطینی اور لبنا نی متاثرین جنگ کے لیے امدادی سامان کی 19ویں کھیپ دمشق روانہ کردی۔
مرکزی صدرپروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن،نائب صدورائیرمارشل(ر)ارشدملک،اعجازاللہ خان سمیت حکومتی حکام نے غزہ اور لبنان کے متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کیا جس میں سلیپنگ بیگز،جنریٹرز، چاول،کین فوڈ،خشک دودھ شامل ہے۔
پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی طیاروں اور بحری جہازوں کے ذریعے امداد ی سامان بھجوا چکے ہیں، غزہ اور لبنان کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے لیے امدادی سامان بھجوانے کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی چھوٹی سی پٹی میں405دنوں سے بارود کی بارش ہورہی ہے، نہتے عوام پر 70ٹن بارودبرسایاجاچکا ہے۔ کھلے آسمان کے نیچے موجود معصوم بچوں،بزرگوں اورمردوخواتین سمیت 13لاکھ فلسطینی غزہ میں انتہائی کٹھن صورتحال سے گزررہے ہیں۔
صدر الخدمت نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن،پاکستانی عوا م اور اہل خیرکے تعاون سے غزہ اور لبنان کے عوام کے لیے ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے،جنگ کے آغازسے اگلے ہی دن 8اکتوبر2023سے ریسکیواور ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ کے مکینوں کے لیے روزانہ تیارخوراک،صاف پانی،چھوٹے بچوں کے لیے دودھ،خواتین کے لیے ہائی جین کٹس فراہم کی جارہی ہیں۔ طلبہ کے لیے غزہ کے اندر الخدمت کے 2 ٹینٹ اسکول بھی فعال ہیں، جہاں بچوں کوتعلیم دی جارہی ہے۔
ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ سردی کی شدت بڑھ رہی ہے ایسی صورتحال میں متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ہم اہل خیرکے تعاون سے مصیبت میں گھرے افراد کوہرممکن امداد فراہم کریں گے۔