عمران خان نے کہا کہ عوام 24 نومبر کو اپنے اور اپنے بچوں کیلیے باہر نکلیں، علیمہ خان

100

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے عمران خان نے کہا ہے کہ عوام 24 نومبر کو اپنے اور اپنے بچوں کیلیے باہر نکلیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا  کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 24 نومبر کے احتجاج میں صرف پارٹی سے وابستہ افراد ہی کو نہیں بلکہ سب پاکستانیوں کو باہر نکلنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ آپ نے 8 فروری کے انتخابات میں ووٹ ڈالا تھا، لیکن انہوں نے آپ ہی کو باہر نکال دیا اور چوروں کو پارلیمنٹ میں بٹھا دیا،  اب آپ غلام بن چکے ہیں، لہٰذا اب 24 نومبر کے احتجاج میں اپنے اور اپنے بچوں کے لیے باہر نکلیں۔

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کے 3 ستون ہیں، عدلیہ، میڈیا اور عوام۔ تینوں کو برباد کردیا گیا ہے، میڈیا کی آواز بند کروائی جا چکی ہے۔ وی پی این پر پابندی ہے، اسی طرح قاضی فائز بھی کیا کارنامے انجام دے کر گئے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بھی پیغام دیا ہے کہ انہیں سب سے زیادہ احساس ہونا چاہیے، وہ اپنے وطن کے لیے نکلیں، ہم پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، اس کے خلاف آواز بلند کریں، باہر نکلیں اور بتائیں کہ ہمارے لیے ایسا نظام ناقابل قبول ہے۔