ٹرمپ کی صدارت پاک امریکا شراکت داری کو نئی جہت دینے کا سنہری موقع ہوگی، احسن اقبال

104
Trump's presidency will be a golden opportunity

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت پاک-امریکا شراکت داری کو نئی جہت دینے کا ایک سنہری موقع ہوگی، پاکستان علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لیے امریکا کا ’فطری شراکت دار‘ ہے۔

اسلام آباد میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ (یو ایس ایڈ) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکا میں نئی قیادت سے ممکنہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’نئی امریکی انتظامیہ کے آنے کے بعد ہمارے پاس اپنی شراکت داری کو نئی جہت دینے اور اسے تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئے دنیا کے مطابق ڈھالنے کا سنہری موقع ہے۔‘

ان کا کہنا تھاکہ تعاون کا یہ نیا دور ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرتے ہوئے مشترکہ مشکلات کے حل کے لیے کام کرسکتا ہے، کلیدی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے ذریعے ہم انقلابی نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ثقافتی، تعلیمی اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے شامل کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی اور وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ کے سنگم پر اپنی تزویراتی محل وقوع کی وجہ سے علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لیے امریکا کا ’فطری شراکت دار‘ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انفرااسٹرکچر کے منصوبوں میں امریکا کا نمایاں کردار دو طرفہ تزویراتی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اور مستقبل میں آنے والی نئی قیادت کے تحت مشترکہ تعاون کے لیے ایک روڈ میپ کا خاکہ پیش کرتی ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون کے ذریعے شروع ہونے والی تاریخی تعلقات کی بنیاد اب ایک ’مضبوط ترقیاتی شراکت داری‘ میں تبدیل ہوچکی ہے۔