لاہور (وقائع نگارخصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو بند گلی کی طرف دھکیل دیا ہے۔فارم 47والے پاکستان کودرپیش مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کسی کو بھی عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں اور نہ ہی قومی سلامتی اور عزت و وقار کی قدر ہے۔ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ آئی پی پیز کے معاملے میں حکومت کی بے بسی دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کرپٹ مافیا حکومت کی رٹ سے بہت زیادہ طاقت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور قصور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ محب وطن قیادت کا فقدان ہے مگر اس سے بھی بڑھ کرسیاسی معاملات میں غیر سیاسی قوتوں کی دخل اندازی اورماورائے آئین و قانون اقدامات نے تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔یہ ملک و قوم کے پاوں کی زنجیریں ہیں۔جنھیں توڑے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔پاکستان کو درست سمت لے کر جانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اپنے متعین آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے کا پورا نظام ہی تلپٹ ہو کر رہ گیا ہے۔ آئی پی پیز کو نیپرا نے 15تا16فیصد منافع کی اجازت، مگر بیلنس شیٹس 60تا70فیصد منافع دکھا رہی ہیں جو کہ حکمرانوں کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آئی پی پیز کے ساتھ موجودہ معاہدے ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، ان کو فوری طور پر ختم ہونا چاہئے۔محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم کے حالات دگر گوں اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت معیشت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ظلم و ستم کے اس نظام نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔لوگ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں۔