ضلع سکھر میں مردمشماری 2 دسمبر تا 15 جنوری2025ء تک جاری رکھنے کا فیصلہ

19

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ضلع میں مردم شماری سروے کا عمل 02 دسمبر سے 15 جنوری 2025ء تک جاری رہے گا، پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے سکھر میں ملک کی ساتویں زراعت شماری/ پہلی مربوط ڈجیٹل شماری 2024ء کے حوالے سے فیلڈ اسٹاف کے لیے سہ روزہ تربیتی سیشن کا آغاز ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو کی سربراہی میں تربیتی سیشن کے ضابطہ کار کے متعلق ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر- ٹو بشریٰ منصور، ماسٹر ٹرینر اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے اسسٹنٹ سینسس کمشنر اسلام آباد سعید احمد، چیف اسٹیٹسٹکس ڈویڑنل کوآرڈینیٹر سکھر وسیم منگی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شماریات طارق ابڑو، آئی ٹی ایکسپرٹ عماد عارف کے علاوہ محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک اور محکمہ تعلیم سے تربیتی نشست کے فیلڈ سپروائیزرس اور اسٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈجیٹل شماری کے ماسٹر ٹرینر و اسسٹنٹ سینسس کمشنر شماریات اسلام آباد سعید احمد نے بتایا کہ جنرل شماریات ایکٹ 2012ء کی شق 37 کے تحت ملک بھر میں ساتویں زراعت شماری 2024ء کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 2020ء تک وقتاً فوقتاً 24 مرتبہ زراعت کے متعلق شماریات ہوتی رہی ہیں لیکن اب کی بار ملک کی تاریخ میں یہ پہلی مربوط ڈجیٹل شماری ہو رہی ہے جس میں ایگریکلچر، لائیو اسٹاک اور مشینری تینوں کو ملا کر ایک ہی وقت میں شمار کیا جائے گا جس سے وقت اور وسائل کی بچت کے فوائد حاصل ہوں گے۔