کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سرادر عبدالرحیم نے کہا ہے کہ زرداری لیگ سندھ دشمن منصوبوں پر عمل پیرا ہے، فنکشنل لیگ سندھ کے عوام کے حقوق اور خوشحالی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل پر ڈاکا ڈالنے والے حکمرانوں کو فنکشنل لیگ کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ سردار رحیم کا کہنا تھا کہ جعلی میڈیٹ والے حکمرانوں کے خلاف کامیاب عوامی احتجاج نے ثابت کردیا کہ عوام نے کرپٹ اور عوام دشمن حکمرانوں کا احتساب شروع کردیا ہے۔ دریائے سندھ بچایو تحریک کی احتجاجی مظاہروں کی کال پر کراچی سمیت سندھ بھر میں نکلنے والے احتجاجی مظاہروں اور کامیاب پرامن ریلیوں کو سراہتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ بھر کی طرح کراچی شہر کے ساتوں اضلاع میں ارسا ایکٹ ترامیم اور نئے کینال بنانے کے خلاف ڈسٹرکٹ سینٹرل ، ملیر، ساؤتھ ، کورنگی، کیماڑی، ویسٹ اور ایسٹ میں پرامن احتجاجی اور کامیاب ریلیاں نکالی گئیں۔ سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ سندھ کے حقوق اور خوشحالی کیلیے جلد مشاورتی اجلاس طلب کیا جائے گا اور احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلہ پر غور کیا جائے گا۔