کراچی میں اے ٹی ایم کے اندر بھی شہری محفوظ نہیں رہے

20

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) اے ٹی ایم سے پیسے نکالتے ہوئے شہری ہوشیار رہیں، کورنگی میں رقم نکالتے ہوئے ایک شہری ڈاکوؤں کا شکار بن گیا، اس واردات کی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے ٹی ایم کے اندر بھی شہری محفوظ نہیں رہے، کورنگی نمبر دو میں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہری کو 2 ڈاکوئوں نے لوٹ لیا۔شہری اے ٹی ایم کا دروازہ لاک کر کے پیسے نکال رہا تھا، رقم نکال کر جیسے ہی وہ باہر نکلنے لگا تو دو مسلح ڈاکو اے ٹی ایم کے اندر داخل ہو گئے، ڈاکو نے شہری سے اے ٹی ایم سے نکالی گئی رقم اور بٹوے سے پیسے نکال لیے۔ڈاکوؤں نے شہری کو ایک بار پھر اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کا کہا تو وہ مزاحمت کرنے لگا، اس پر انہوں نے شہری کو ڈرایا، شہری نے ایک بار پھر اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر ڈاکوؤں کو دے دی۔شہری کو لوٹنے کے بعد دونوں ڈاکو با آسانی فرار ہو گئے۔ واضح رہے کہ کراچی میں لوٹ مار کی وارداتیں اس وقت عروج پر ہیں۔