امپھال: بھارت کی مشرقی ریاست منی پور ایک بار پھر فسادات اور جلاؤ گھیراؤ کی زد میں ہے۔ دارالحکومت امپھال میں صورتِ حال بہت کشیدہ ہے۔ وزیرِاعلیٰ بیرین سنگھ کے آبائی گھر پر بھی حملے کی کوشش کی گئی ہے۔
ہفتے کی رات کو اچانک صورتِ حال خراب ہوگئی جب مشتعل ٹولوں نے ریاستی اسمبلی کے 4 ارکان کے گھروں کو آگ لگادی۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے صورتِ حال کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کا سامنا کر رہے ہیں۔
مودی سرکار نے منی پور کو بظاہر نظر انداز کر رکھا ہے۔ وہاں معاملات کو درست کرنے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی۔ وزیرِاعلیٰ بیرین سنگھ کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہم خیال جماعت این پی پی نے ریاستی حکومت کے لیے اپنی حمایت واپس لے لی ہے۔
منی پور کے حالات کئی ماہ سے خراب ہیں۔ کئی بار انتہائی خوں ریز فسادات ہوچکے ہیں۔ پولیس اور پیرا ملٹری فورس معاملات کو کنٹرول کرنے میں اس لیے ناکام رہی ہے کہ باغیوں کے پاس جدید ترین ہتھیار ہیں اور کئی مقامات پر انہوں نے پولیس یا سی آر پی ایف کی جوابی کارروائی کا بھی ڈٹ کر سامنا کیا ہے اور پسپائی اختیار نہیں کی۔