انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے رہنما زاہد اقبال ہاشمی کا دوٹوک انداز میں کہنا تھا کہ بھارت کی عالمی سطح پر کشمیریوں اور سکھوں کے خلاف جاری سیاسی دہشت گردی بھارتی حکومت کو مہنگی پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنی سیاسی دہشت گردی میں پاکستانی فوج کے خلاف بھی مہم جوئی کی صورت میں کر رہی ہے۔
انہوں نے بھارت کی گندی حکمت عملی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور اس کی قابض انتظامیہ نے بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی پامالی پر مشتمل ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کی تمام سیاسی اور سماجی سرگرمیوں پر قدغن عاید کر رکھی ہے جو کسی بھی تہذیب یافتہ معاشرے کے لیے انتہائی گری ہوئی سوچ ہے ۔
اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ24 نومبر کو فرانس میں ہونے والے سکھوں کے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے رہنما زاہد اقبال ہاشمی نے یہ برملا دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کی حکومت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو پامال کرنے کے لیے کشمیر مخالف ہندوتوا پالیسی پر عمل درآمد اور قابض فوجی طاقت کا وحشیانہ اور آزادانہ استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ اورعالمی برادری پر بھرپور زور دیا اور کہا کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقے میں بھارت کوجنگی منصوبہ بندی والے ایجنڈے پر عمل درآمد کرنے سے روکے اور عالمی قراردادوں کے مطابق دیرینہ حل طلب تنازع کشمیر کے حل کے لیے فوری عملی اقدامات کرنے پر دباﺅ ڈالے۔انہوں نے بتا دیا ہے کہ اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاکھوں کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔کشمیریوں کی بھرپور وکالت کرنے والے زاہد اقبال ہاشمی نے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی جارحیت، گرفتاریوں، محاصرے، تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور املاک کو ضبط کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زاہد اقبال نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ دیرینہ حل طلب تنازع کشمیر کے فوری حل کے لیے اقدامات کرے۔