اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرون ممالک کے سرمایہ داروں سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، امید ہے کہ بہت جلد پاکستان کی معیشت مستحکم ہوجائے گی، آئی ایم ایف کیساتھ اسٹینڈ بائی معاہدے کو مکمل کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف سمیت بیرون ممالک دیگر مالیاتی اداروں کیساتھ رابطے جاری ہیں، ملک میں شرح سود میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے،اداروں کی اصلاحات کرنی ہیں،پروگرام پر عملدرآمد میں چاروں صوبوں نے کردار ادا کیا،آئی ایم ایف پروگرام میں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رئیل اسٹیٹ اور زراعت کو بھی ملکی معیشت میں حصہ ڈالنا ہے،ٹیکس ریونیوبڑھانے کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا،ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مقرر کردہ اہداف حاصل کریں گے،مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جن پر ملک کو اکٹھا کرنا ہے،ہمیں اپنے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے ایک چارٹر پر آنا پڑے گا،موسمیاتی تبدیلی اور سیلاب جیسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے۔