سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت نے ضلع گھوٹکی کی 13 اہم سڑکوں کی تعمیر کی جاری اسکیموں کا افتتاح کردیا، جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے کیا، سڑکوں کی تعمیر کی جاری اسکیموں میں ماتھیلو مومل کی ماڑی سڑک، گڑھی چاکر سے جروار روڈ سمیت دیگر روڈ شامل ہیں۔ وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ترقیاتی اسکیمیں دے رہی ہے، ترقیاتی اسکیموں کے معیار کو یقینی بناکر وقت پر مکمل کیا جائے، ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تو سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کے شہری اور نواحی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کا مقصد شہریوں کو درپیش پریشانیوں سے نجات دلانا ہے۔