ٹھٹھہ: گھوڑا باری میں آر او فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

22

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) چیئرمین ضلع کونسل عبدالحمید پنہور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا منشور ہی عوام کی خدمت ہے۔ صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہوئے ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے ہیں تاکہ یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر ورکس سروس و جیل خانہ جات علی حسن زرداری کی خصوصی ہدایات پر چیئرمین ٹاؤن کمیٹی گھوڑاباری محمد رمضان پنہور کی جانب سے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے لگائے گئے الٹرا فلٹریشن آر او پلانٹ کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کی مدد سے مقامی لوگوں کا اہم مسئلہ حل کیا گیا ہے، جس سے گھوڑاباری کے شہریوں کو روزانہ 24 ہزار گیلن پینے کا پانی فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آر او پلانٹ سولر سسٹم پر نصب کیا گیا ہے جو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا پائیدار حل بھی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین ٹاؤن کمیٹی گھوڑا باری محمد رمضان پنہور، پیپلز پارٹی تعلقہ گھوڑا باری کے انفارمیشن سیکرٹری غلام نبی شیخ، وائس چیئرمین ٹاؤن کمیٹی گھوڑا باری ممتاز علی شورو، ممبر ضلع کونسل سچل خاصخیلی، ایم مظفر شیخ، معززین علاقہ اور شہری بھی موجود تھے۔