آسٹریلیانے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 13رنز سے شکست دے دی

62
سڈنی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بلے باز کو آئوٹ کرنے پر حارث رئوف کو ساتھی داد دے رہے ہیں

سڈنی(اسپورٹس ڈیسک) 3ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔3 ٹی ٹوئنٹی میچزکی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا۔پاکستان کو اننگز کے پہلے 2 اوورز مہنگے پڑے لیکن حارث رؤف نے 52 رنز کے مجموعے پر پہلے جیک فریسر اور پھر کینگروز کپتان جوز انگلس کو پویلین بھیج دیا، عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو 32 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا۔ ایرون ہارڈی 28 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔مقررہ 20 اووز میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں صفیان مقیم کے حصے میں آئیں۔ 148 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی پاکستان کے عثمان خان نے 52 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عرفان خان 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔کپتان محمد رضواننے 16 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے5 اور عباس آفریدی نے 4 رنزبنائے۔ بابراعظم نے 3 اور حارث رؤف نے 2 رنز بنائے۔آسٹریلیاکے اسپینسر جانسن عمدہ بولنگ کارکردگی پرپلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان کے4 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مقیم بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کے اسپینسرجانسن نے 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم زمپا نے2 اور زاویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ لی۔آسٹریلیاکے اسپنرجانسن عمدہ بولنگ کارکردگی پرپلیئر آف دی میچ قرار پائے۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور حسیب اللہ کی جگہ سفیان مقیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔پاکستانی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، صاحبزداہ فرحان، عثمان خان سلمان علی آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ، حارث رؤف شامل تھے۔ اس کے علاوہ نسیم شاہ اور سفیان مقیم بھی 11 کھلاڑیوں میں شامل تھے۔یاد رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔ 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 2 صفر کی سبقت حاصل ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی کل کھیلا جائیگا۔