عمران خان کی 4 مقدمات میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری

29

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 5 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان ان مقدمات میں نامزد نہیں تھے، انہیں ضمنی بیان کی روشنی میں نامزد کیا گیا اور ان پر صرف مجرمانہ سازش کی حوصلہ افزائی کے الزامات ہیں۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق پولیس آفیشلز نے اس سازش کو سنا لیکن حیران کن طور پر پولیس حکام نے اپنے کسی اعلیٰ افسر کو اس سازش کے بارے میں نہیں بتایا۔ عمران خان نے عدالت عظمیٰ کے سامنے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی۔ بعد ازاں عدالت نے ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔