اسرائیل کو غزہ میں امداد پر دہشت گردانہ کارروائیوں سے روکا جانا چاہیے، پاکستان

88

اسلام آباد:پاکستان نے اسرائیلی قانون سازی کے حوالے سے  اقوام متحدہ کو واضح کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے)کو بند کرنے سے لاکھوں فلسطینیوں کو افراتفری میں دھکیل دے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان مشن میں فرسٹ سیکریٹری انصر شاہ نے جنرل اسمبلی کی اسپیشل پولیٹکل اینڈ ڈی کالونائزیشن سے متعلق چوتھی کمیٹی میں بحث کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو امدادی سرگرمیوں پر جارحانہ کارروائیوں سے روکا جائے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو فلسطینی عوام کی امید اور وقار کو بحال کرنے کے لیے انصاف، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کو برقرار رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے یو این آر ڈبلیو اے کی امدادی کارروائیوں کو ختم کرنے کی اسرائیلی کوششوں کی مذمت کی جو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی عدالت انصاف کی جانب سے کئے گئے عارضی اقدامات اور عدالت کی جانب سے 19 جولائی کی مشاورتی رائے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔