جھانسی: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر جھانسی میں ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں آکسیجن مشین میں خرابی کے باعث آگ لگنے سے 10 بچے ہلاک جبکہ 16 شدید زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے جنوب میں تقریباً 450 کلومیٹر دوری پر واقع شہر جھانسی میں لکشمی بائی میڈیکل کالج میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
واقعے کی فوٹیج میں وارڈ کے اندر بیڈ اور دیواروں کو خاکستر ہوتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ پریشانی میں مبتلا اہلخانہ باہر انتظار کر رہے ہیں۔ ریسکیو کیے گئے نوزائیدہ بچوں کو متعلقہ وارڈ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر انہیں طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔
اتر پردیش کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ پرجیش پاٹھک نے رپورٹرز کو بتایا کہ افسوس کے ساتھ 10 نوازائیدہ بچوں کی موت ہوچکی ہے، جُھلَس جانے والے 7 بچوں کی شناخت ہو گئی ہے تاہم 3 بچوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔’
پولیس سپرنٹنڈنٹ گیانیندار کمار سنگھ نے بتایا کہ ریسکیو کیے جانے والے مزید 16 شیر خوار بچوں کا علاج جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ ممکنہ طور پر آئی سی یو میں موجود آکیسجن فراہم کرنے والے یونٹ میں خرابی کے باعث لگی، ریسیکیو کیے گئے تمام بچے محفوظ ہیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی وزیر اعلیٰ براجیش پاٹھک نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کی جائے گی، اگر کسی قسم کی غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔