مقبوضہ بیت المقدس / بیروت:صہیونی فوج کے غزہ اور لبنان میں حملے جاری ہیں، جس میں طبی عملے سمیت مزید 42 افراد شہید ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل کی جانب سے دہشت گردی کا سلسلہ بلارکاوٹ جاری ہے۔ لبنانی طبی حکام نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ نباتیہ میں اسرائیلی فوج کی ایک کارروائی میں شہری دفاع کے مرکز پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں طبی عملے کے 4 ارکان سمیت 6 افراد شہید ہو گئے۔ اسی طرح بعلبیک کے قریب شہری دفاع ہی کے ایک دوسرے مرکز پر اسرائیلی فوج نے بمباری کی، جس میں 12افراد شہید ہوئے، جن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ امدادی کارکن تھے۔
اُدھر غزہ میں طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی دہشت گردی میں غزہ میں مزید 24 فلسطینی شہید ہو گئے جب کہ زخمیوں کی تعداد 110 سے بھی زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 7 اکتوبر سے غزہ پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد تقریباً 44 ہزار ہو چکی ہے، جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد نصف سے بھی زیادہ ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ تباہی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے۔
دوسری جانب لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 3500 کے قریب پہنچ چکی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی کم و بیش ساڑھے 14 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔