کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے مرکزی شہرکوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس4 روز بند رہنے کے بعد بحال کردی گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق9 نومبر کو ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کے بعد ٹرین سروس کو4 روز کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس پشاور کے لیے گزشتہ روز صبح 9 بجے روانہ ہوئی، تاہم چمن کے لیے چمن پسنجر ٹرین معطل ہے۔ ٹرین سروس بحال کیے جانے کے بعد کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے پیش نظر کراچی پشاور کراچی کے درمیان چلنے والی رحمن بابا ایکسپریس کو مخدوم پور ریلوے اسٹیشن پر2 منٹ کے لیے اسٹاپ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ عوام کو یہ سہولت 1 ماہ کے لیے عارضی بنیاد پر حاصل ہوگی۔ اس فیصلے پر فوری عمل درآمد ہوگا۔