راولپنڈی ( نمائندہ جسارت ) سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے،یہ آئی ایم ایف کے شکنجے کی حکومت ہے‘ دونوں حکمراں پارٹیاں نفرت کانشان بن گئیں‘بھارت کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا تو لعنت ہو اس پر‘مجھ پر ایسی جگہ مقدمات بنائے گئے جو میں کبھی دیکھی ہی نہیں‘آج آصف علی زرداری کیخلاف قتل کیس سازش سے بری ہوا ہوں‘ دہشت گردی کے 14مقدمات رہ گئے ہیں ان میں سرخ رو ہوں گا۔ اسلام آباد کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ کی مدد سے یاسر محمود کی عدالت سے بری ہوا ہوں، میں اپنے وکلا اور لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا کیس لڑا، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں، ان میں بھی سرخ رو ہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، جن لوگوں نے ان سے جتنا کام لینا تھا لے لیا، کسانوں کو پہلے ہی گندم کا ریٹ نہیں مل رہا، یہ آئی ایم ایف کے شکنجے کی حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ بظاہر حکمران اتحاد کی 2بڑی جماعتیں نفرت کا نشان ہیں، ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں کہ انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ نہ ہو کہ حالات قومی حکومت کی طرف چلے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ منی پور میں مسلمانوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے، ڈوب مرنے کا مقام ہے، کوئی بیان نہیں دیا گیا، چین ہم سے خفا ہے، انہوں نے چینی سفیر کی بے عزتی کی ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا مگر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے، مواچھ، لسبیلہ، مری میں کیس ہوا جو جگہ میں نے دیکھی ہی نہیں، اب دہشت گردی کی عدالت میں 14 کیسز کی سماعت ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ آپ کا سامان واپس لوٹادیا جائے گا، مگر سامان واپس نہیں ہوا۔قبل ازیں اسلام آبادکی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے جج یاسرمحمود نے شیخ رشید کی درخواست بریت منظور کرتے ہوئے محفوظ فیصلہ سنادیا، شیخ رشید پر آبپارہ میں2023میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں ان کے خلاف سازش اورعوام کو اکسانے کی دفعات لگائی گئیں تھیں۔