بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے برقی گاڑیوں کی سالانہ پیداوار ایک کروڑ سے تجاوز کرکے اہم ریکارڈ قائم کرلیا۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ ملک کے کارخانوں میں رواں برس ایک کروڑ سے زیادہ نیو انرجی وہیکل یا این ای وِیز تیار کی جا چکی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ برقی، پلگ ان ہائبرڈ اور فیول سیل گاڑیوں کی سالانہ پیداوار نے اس سنگ میل کو عبور کیا ہے۔ چائنا سینٹرل ٹیلی وژن نے صوبہ ہوبئے کے شہر ووہان میں تقریب کے حوالے سے بتایا ،جوسنگ میل عبور کرنے کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر ایک سینئر سرکاری اہلکار نے اس شعبے میں تکنیکی ترقی کو سراہا۔بیان میں کہا گیا کہ چین وہ پہلا ملک ہے جو ایسی ایک کروڑ گاڑیوں کی پیداوار کے سنگ میل تک پہنچا ہے۔ چین کی قومی حکمت عملی میں نیو انرجی وہیکل کی جانب منتقلی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ 2022 ء میں 50لاکھ سے تجاوز کرنے کے بعد سے ایسی گاڑیوں کی سالانہ پیداوار دگنی ہو گئی ہے۔ مجموعی ملکی کھپت میں کمی کے باوجود این ای وِیز کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب مغربی ممالک چینی برقی گاڑیوں پر محصولات بڑھا نے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چینی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کے سبب چینی مصنوعات کم قیمتوں پر دستیاب ہوتی ہیں۔