اسموگ میں اضافہ:لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی، جمعہ ہفتہ اتوار لاک ڈاؤن ہوگا

114

لاہور:پنجاب میں اسموگ میں اضافے کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کرتے ہوئے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دونوں شہروں میں ہیلتھ ایمرجنسی کے تحت ہفتے میں تین دن (جمعہ، ہفتہ اور اتوار) لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم آئندہ بدھ کو اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ایمرجنسی کے تحت تمام ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح تمام تعلیمی اداروں  میں بھی آن لائن پڑھایا جا رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مری کے سوا پورے صوبے میں سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔

صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ ایک مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا نام ڈی ٹاکس لاہور ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹلز بھی4بجے کے بعد صرف ٹیک اوے کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ تمام بھٹے اورفرنس بیسیڈ انڈسٹری بھی ایک ہفتے کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ اسموگ 6 ماہ یا ایک سال میں ختم نہیں ہوگی، اس کے لیے 3،3 ماہ کے شارٹ ٹرم پلان لا رہے ہیں۔ اسموگ ایک قومی تباہی بن چکی ہے۔ صرف لاہور میں نہیں بلکہ ایبٹ آباد اور ملتان بھی ہیں۔