لاہور:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعتراض پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو چیمپئنز ٹرافی کشمیر لے جانے سے منع کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نےچیمپئنز 2025 کی ٹرافی کشمیر لے جانےپر اعتراض کرتے ہوئے آئی سی سی سے کہا ہے کہ ٹرافی کو کشمیر کے علاقوں میں نہ لے جایا جائے، جس پر آئی سی سی نے پی سی بی سے رابطہ کرکے کشمیر کے ٹور پر ٹرافی لے جانے کے معاملے کو ختم کرنے کا حکم دیا، جس پر پی سی بی نے
اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کے دورے کو منسوخ کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی ٹور میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ٹرافی لے جائے جائی گی۔
پی سی بی نے کہا کہ ٹرافی ٹور کا آغاز 24 نومبر بروز ہفتے سے کیا جائے گا، جس کا شیڈول بنا کر متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا ہے تاکہ سیکیورٹی کے انتظامات بروقت مکمل کرلیے جائیں۔
خیال رہے کہ پی سی بی نےگزشتہ روز چیمپئنز 2025 کی ٹرافی کو پاکستان میں اسکردو ، ہنزہ اور مظفر آباد کے علاقوں میں لے جانے کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جبکہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی ایونٹ کی ٹرافی دبئی سے اسلام اباد بھیج دی تھی۔
دوسری جانب بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔