ضمنی بلدیاتی انتخابات: پیپلز پارٹی و الیکشن کمیشن گٹھ جوڑ کیخلاف جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

56

کراچی:ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی و سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ سے بدترین دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضمنی بلدیاتی انتخابات میں  عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے اور جیتی ہوئی نشستیں چھیننے کے خلاف جماعت اسلامی نے نرسری شاہراہ فیصل پر ایک بڑا احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے، جس میں مظاہرین نے نا منظور نامنظور، کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا نا منظور‘ پیپلز پارٹی کی انتخابی دہشت گردی نامنظور، سمیت مختلف نعرے لگائے۔

 امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنا پیپلز پارٹی کی دیرینہ روایت ہے جس کی بنیاد پارٹی کے بانی چیئر مین اور بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔

منعم ظفر خان نے کہاکہ  میں اہل کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا، جس طرح  2023میں بلدیاتی الیکشن اورپھر عام انتخابات میں کیا تھا لیکن حسب روایت پیپلز پارٹی نے بھی انتخابی دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھا۔