اسلام آباد: حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو نئے سال کے آغاز سے صوبائی سطح پر انکم ٹیکس نافذ کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جائزہ مشن اور پاکستان کے مابین 5 روز سے جاری مذاکرات تکمیل کو پہنچ گئے، اس دوران حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف مشن کو پروگرام پر ہر صورت عمل کرنے اور نئے سال کے آغاز (یعنی یکم جنوری) سے صوبائی سطح پر انکم ٹیکس عائد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دوران مشن کو صوبائی سرپلس بجٹ پر قائل کیا۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے بیرونی فنانسنگ کا بندوبست کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو حکومتی ٹیم نے بتایا کہ صوبائی سطح پر انکم ٹیکس کے نفاذ (مالیاتی معاہدے) پر عمل کے لیے کنسلٹنٹس ہائر کرکے اسے یقینی بنایا جائے گا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ مشن چیف کی سربراہی میں آئی ایم ایف کے وفد نے 5روز تک پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت کی جب کہ مذاکرات کے آخری روز آئی ایم ایف جائزہ مشن نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے تفصیلی ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے عالمی مالیاتی ادارے کو پروگرام پر سختی سے کاربند رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ملاقات میں آئی ایم ایف نے ٹیکس اہداف، قومی مالیاتی معاہدے پر عمل درآمد پر زور دیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن پہلے اقتصادی جائزے کے لیے فروری یا مارچ میں پاکستان آئے گا، جب پاکستان کے ساتھ ایک ارب 10 کروڑ ڈالرکی دوسری قسط کے لیے جائزہ مذاکرات ہوں گے۔