کراچی سمیت سندھ کے 18اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات، دھاندلی کے الزامات

390

کراچی:شہر قائد کی 10 نشستوں سمیت سندھ بھر کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا انعقادہوا، جس میں  سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات میں بیشتر پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیاتھا۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی، اس دوران سیاسی پارٹیوں کی جانب سے مخالف جماعتوں پر دھاندلی کے الزات عاید کیے جاتے رہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے سیکورٹی کے حوالے سے پولنگ اسٹیشنز کا دورہِ کیا، اس موقع پر ڈی آئی جی ساؤتھ ، ایس پی کلفٹن اور دیگر پولیس افسران موجود تھے۔پولیس چیف نے پولنگ اسٹیشن کی سیکورٹی کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود نفری کو مناسب ہدایات جاری کیں۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات کے نتائج رات گئے تک جاری نہیں کیے جا سکے تھے۔

ضلع ملیر، کورنگی، ضلع جنوبی، ضلع غربی، ضلع کیماڑی اور ضلع وسطی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے۔شہر میں 167 پولنگ اسٹیشن میں سے 136 انتہائی حساس قرار دیے گئے ، جس میں 26 پولنگ اسٹیشن حساس اور 5 نارمل قرار دیے گئے۔

یوسی 9 ٹی ایم سی ملیر میں قائم 11 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا، یوسی 8 ٹی ایم سی ماڈل کالونی میں قائم تمام 21 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیے گئے، یوسی 13 ٹی ایم سی صدر میں 7 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، 5 حساس اور 5 نارمل قرار دیے گئے، یوسی 7 ٹی ایم سی لیاقت آباد میں تمام 31 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے تھے۔

انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر 16 سے 18 اہلکار تعینات کیے گئے، حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 سے 12 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی گئی۔

پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔ اس ضمن میں منگھوپیر ٹی ایم سی کی یونین کونسل 05 کے جنرل ممبر کی 01 سیٹ کے لیے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل بخیر و خوبی جاری رہا جبکہ ڈسٹرکٹ ویسٹ کا 1 پولنگ اسٹیشن پر 150 سے زاید افسران و جوانوں کو تعینات کیا گیا۔

ایس ایس پی ملیر لیفٹیننٹ ریٹائرڈ کمانڈر کاشف آفتاب عباسی نےقائدآباد اور ملیر کینٹ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور الیکشن ڈیوٹی پر تعینات پولیس کے افسران و جوانوں اور الیکشن ڈیوٹی کے اسٹاف سے ملاقات کی۔

علاوہ ازیں سکھر کی 2 نشستوں پر یونین کمیٹی نمبر6 کے وائس چیئرمین اور یوسی روہڑی کے چیئرمین کیلیے الیکشن ہوا جبکہ نواب شاہ کی 4 نشستوں، سکرنڈ کے حلقہ 4 میں وائس چیئرمینوں، وارڈ نمبر 2 میں جنرل کونسلر، ایچ ایم خواجہ یونین کونسل 4 میں چیئرمین اور ممبر ضلع کونسل کےلیے ووٹنگ ہوئی۔

گھوٹکی میں اوباڑو کی یونین کونسل کموں شہید کے چیئرمین کیلیے پولنگ ہوئی جبکہ حیدرآباد میں 5 نشستوں اور ٹنڈو محمد خان میں 2 نشستوں کیلیے ووٹ ڈالے گئے۔

ٹنڈوالہیار کی یونین کونسل لانڈھی کے وارڈ نمبر 2 پر جنرل کونسلر، لاڑکانہ میں رتو ڈیرو کے وارڈ نمبر 2 میں جنرل کونسلر اور قمبر شہدادکوٹ میں یونین کونسل لاکھا میں جنرل کونسلر کی نشست پر ووٹ ڈالے گئے۔

مٹیاری ٹاؤن کمیٹی کے وارڈ 7، جیکب آباد میونسپل کمیٹی کے وارڈ نمبر 6 پر جنرل کونسلر، شکارپور یونین کونسل نمبر 5 میں چیئرمین جبکہ نوشہرو فیروز میں یونین کونسل نیوآباد میں چیئرمین اور کندھر میں کونسلر کی نشست پر پولنگ ہوئی۔