اسلام آباد:آرمی چیف کی مدت ملازمت میں اضافے کے خلاف درخواست سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئینی بینچ نے چیف آف آرمی اسٹاف کی مدت ملازمت میں اضافے میں توسیع کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی ہے۔
آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کے علاوہ 6 دیگر ججز 20 نومبر کو اس کیس کی سماعت کریں گے۔
چیف آف آرمی اسٹاف کی مدت ملازمت میں اضافے کے خلاف درخواست محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے سروسز چیفس کی مدت ملازمت 5 سال کرنے کی منظوری دی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی بھی منظوری دی گئی تھی، جس کے ذریعے تمام سروسز چیفس کی مدت بڑھا کر 5سال کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بھی سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا۔