کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے گہرے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔ ترجمان کسٹمز سید عرفان علی کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین وانی نے خفیہ اطلاع پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے میرین سیکشن کو کھلے سمندر بحیرہ عرب میں کارروائی کی ہدایت دی جس کے بعد کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم نے 2 لانچوں کے ذریعے ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا کر 15 ہزار 504 لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل اوراسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی الوحیدی اور المعین نامی لانچوں کو ضبط کر لیا۔ ضبط شدہ ڈیزل اور لانچوں کی کل مالیت 1کروڑ 78 لاکھ روپے ہے، ضبط شدہ ڈیزل کو ASO کے گودام اور دونوں لانچوں کو NMB وہارف منتقل کر کے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔