لاہو ر (نمائندہ جسارت)ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی نے آج اسلام آباد میں چینی سفارت خانے میں منسٹر قونصلر یانگ نوو سے ملاقات کی اورچین کی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی آزاد ریاست کے قیام کی حمایت پر خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان اور چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے تعلقات کو مضبوط تر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔آصف لقمان قاضی نے کہا کہ ہم عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے داخلی سیاسی ایجنڈے اور خارجہ پالیسی میں مماثلت ہے۔ جماعت اسلامی بھی چاہتی ہے کہ اقتصادی ترقی کا ثمر عام آدمی تک پہنچے اور صرف طبقہ امرا تک محدود نہ رہے۔ اسی لیے جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے مسئلے کو عوامی سطح پر اٹھایا ہے۔ اسی طرح سے ہمارے درمیان یہ قدر مشترک ہے کہ ہم کسی ایک عالمی طاقت کو بین الاقوامی امور میں یکطرفہ اجارہ داری کو قبول نہیں کرتے اور بین الاقوامی تنازعات کا منصفانہ حل چاہتے ہیں۔آصف لقمان قاضی نے چین کی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی آزاد ریاست کے قیام کی حمایت پر خراج تحسین پیش کیا اور فلسطینیوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لیے چین کی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔آصف لقمان قاضی نے کہا کہ ہم پاکستان میں تمام ریاستی اداروں کے اپنے دستوری حدود کے اندر کام کرنے کی حمایت کرتے ہیں، اور کسی بھی جانب سے غیر دستوری بالادستی قائم کرنے کے خلاف ہیں۔ ہم نے ماضی میں بھی غیر دستوری اقدامات کی مخالفت کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر سیکورٹی خدشات کا براہ راست تعلق طرز حکمرانی سے ہے۔ حکومت کو اپنی گورننس کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا اور عوامی مسائل کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔ مسٹر قونصلر یانگ نوو نے اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ جماعت نے ہر موقع پر چین کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔