لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کے تدارک کے لیے نئی پابندیاں عاید کردی گئیں۔انوائرمینٹل پروٹیکشنل ایجنسی پنجاب کے ہدایت نامے کے مطابق لاہور ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں 17 نومبرتک تمام تجارتی مارکیٹس، دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بندہوں گے۔ فارمیسی، میڈیکل اسٹور، میڈیکل لیبارٹریز، ویکسی نیشن سینٹرز، تندور، بیکریاں اور کریانہ اسٹورز پابندی سے مستثنا ہوں گے۔ پیٹرول پمپس، آئل ڈپو،دودھ کی دکانیں، سبزی و فروٹ کی دکانیں، چکن اورگوشت کی دکانیں بھی پابندی سے مستثنا قرار۔ ہدایت نامے کے مطابق بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز صرف گروسری اور فارمیسی سیکشنز کو کھلا رکھ سکتے ہیں۔شادی ہالز میں ان ڈور تقریبات پرانے اوقات رات 10 بجے تک ایس اوپیز کے ساتھ جاری رہیں گی، آؤٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ ان ڈور ڈائننگ کے اوقات محدود رہیں گے، جمعرات تا اتوار رات 11 بجے تک ان ڈور ڈائیننگ اور ٹیک اوے یا پارسل کی اجازت رات ایک بجے تک ہوگی۔ہدایت نامے کے مطابق بیرونی کھیلوں کے پروگرامز، نمائشوں اور تہواروں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی اور پابندیوں کی خلاف ورزی پر 188 پی پی سی کے تحت کارروائی ہوگی۔خیال رہے کہ پنجاب میں اسموگ کا زور کم نہیں ہوا اور لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے جہاں ائر کوالٹی انڈیکس 1406 ریکارڈ کیا گیا۔