کراچی: حوالہ ہندی کا نیٹ ورک پکڑا گیا، ملزم گرفتار

34

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی نیشنل بینک اسٹیڈیم کے قریب ایک بنگلے پر چھاپہ مار کر حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق کارروائی میں ایک ملزم آصف کو گرفتار کیا گیا جس سے بھاری مالیت میں مختلف ممالک کی کرنسی اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں جنہیں ضبط کرلیا گیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نعمان صدیقی کے مطابق کارروائی کے دوران بنگلے سے فرضی کاروباری اداروں اور افراد کی دستخط شدہ 22 چیک بکس، 47 لاکھ پاکستانی کرنسی، 6 ہزار روپے سعودی ریال، 6180 تھائی بھات، 22 ہزار 950 درہم، 450 امریکی ڈالر اور 16 لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ بنگلے سے پے آرڈرز کی فوٹو کاپیوں کا بڑا ذخیرہ، حوالہ ہنڈی کے لیجرز، 3 موبائل فون اور دیگر دستاویزات بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، مذکورہ گینگ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کیلیے بے نامی اکاؤنٹس کا استعمال کر رہے تھے، ملزمان ادائیگیوں کے لیے تھرڈ پارٹی ٹیلی گرافک ٹرانسفر کا استعمال کر رہے تھے، ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کیلییے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔