صنعتی علاقوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں،کمشنر کراچی

23

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے حکومت کراچی میں واقع صنعتی علاقوں کے شہری مسایل کے حل کے لئے ترجیحی کوششیں کررہی ہے، وہ شہر میں واقع تمام صنعتی علاقوں کا دورہ کر کے ان کے شہری مسائل کا جائزہ لیں گے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کریں گے انھوں نے یہ بات کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹریز کے عہدیداروں کے ہمراہ کورنگی صنعتی علاقوں کے دورہ اور ایسوسی ایشن کے دفتر میں نمائندہ صنعتکاروں سے خطاب کر تے ہوے کہی انھوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں کی ترقی اور شہری مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے صنعتکا روں کی مشاورت سے ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو، ایسوسی ایشن کے صدر جنید نقی، سابق صدر مسعو نقی اور ڈپٹی پیٹرن آف چیف زبیر چھایا بھی موجود تھے کمشنر نے کورنگی صنعتی علاقہ کی ان شاہراہوں اور علاقوں کا دورہ کیا جہاں سٹرکوں کی مرمت تجاوزات اور ٹریفک مسائل سمیت مختلف شہری مسائل کے حل کی کوششوں کہ ضرورت ہے۔ انھوں نے کاٹی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں صنعتکاروں کے مسائل سنے کمشنر نے کہا کہ صنعتکار ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انھیں ہرممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ کورنگی اور دیگر صنعتکاروں کو درپیش پارکنگ، ایڈ ورٹائزنگ ٹیکس ٹریڈ ٹیکس اور لینڈ یوٹیلائزیشن سمیت ٹیکس کی ادائیگی میں دشواریوں کو دور کیا جائے گا اس سلسلہ میں انھوں نے ڈپٹی کمشنرسے کہا کہ وہ صنعتکاروں سے رابطہ مضبوط بنائیں ۔