آئی جی سندھ کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سیکورٹی سے متعلق اجلاس

78
اسلام آباد: وفاقی وزیر رانا رتنویر حسین سے ترک سفیر عرفان نذیر اوگلو ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس، چینی شہریوں کی سیکورٹی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر اور ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کا کراچی ائرپورٹ کے اطراف قائم پولیس چیک پوسٹوں کا دورہ، سیکورٹی انتظامات اور قائم چیک پوسٹوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جیز، اسپیشل برانچ، کراچی ایڈمن، اسٹیبلشمنٹ، ہیڈکوارٹر، آئی ٹی، ایس پی یو، سی آئی اے سمیت دیگر پولیس افسران نے بالمشافہ جبکہ ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ان کے متعلقہ پولیس افسران نے بذریعہ وڈیولنک کے شرکت کی۔ شرکاء کو گزشتہ اجلاس میں چینی شہریوں کی سیکورٹی سے متعلق کیے جانے والے اہم فیصلوں پر عملدرآمدی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی آئی جی ایس پی یو نے اجلاس کو چینی شہریوں کے سیکورٹی اقدامات کاجائزہ لینے سے متعلق تشکیل دی گئی کمیٹی اور اس کے ضروری امور و اقدامات پر بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ ایس ایس پی بذات خود چینی شہریوں کی سیکورٹی کیلیے کیے جانے والے اقدامات اور تعیناتی کا جائزہ لیں، سیکورٹی پلان اور نفری کی سیکورٹی کلیئرنس خود ممکن بنائیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی نے ڈی آئی جی ایسٹ کو ائرپورٹ چیک پوسٹوں کی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی، چیکنگ کے موثر نظام، اور عوامی سہولت کے اقدامات شامل تھے۔ڈی آئی جی ایسٹ نے ائرپورٹ چیک پوسٹ پر سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کیں اور وہاں تعینات اہلکاروں کو چاق و چوبند رہتے ہوئے ہر مشکوک شخص اور گاڑی کی کڑی نگرانی کرنے کا حکم دیا تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کا فوری تدارک کیا جا سکے۔