آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی دبئی سے پاکستان پہنچ گئی

29

کراچی (سید وزیر علی قادری) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان تو نہیں کیا جا سکا لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایونٹ کی ٹرافی دبئی سے پاکستان کے دارلحکومت اسلام اباد پہنچا دی، اب اس ٹرافی ٹور کا آغاز آجسے ہوگا۔ آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق کل سے شروع ہونے والا چمپئنز ٹرافی ٹور 24 نومبر تک جاری رہے گا ، ٹرافی کو اسلام آباد سے اسکردو K2 بیس کیمپ بھی لے جایا جائے گا۔ ٹرافی ٹور میں مری ، ہنزہ ، آزاد کشمیر مظفر آباد کے علاوہ دیگر شہر بھی شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی ٹرافی ٹور شروع ہو گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹورنامنٹ کے آغاز سے 4 ماہ پہلے شیڈول کا اعلان کرتی ہے ، جیسے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے شیڈول کا اعلان 4 ماہ پہلے اور ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان 3 ماہ پہلے کر دیا گیا تھا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے۔ اس کے شیڈول کا اعلان آئی سی سی نے 11 نومبر کو لاہور میں کرنا تھا لیکن یہ تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پیچدہ مسئلے پر آئی سی سی نے تاحال پی سی بی کے خط کا جواب نہیں دیا ۔