لاہور:پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور اسموگ کو ختم کرنے کے لیے ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں پر پابندی اور اسکولز،کالجز اور یونیورسٹیز کو آن لائن، لاہور اور ملتان میں جمعہ ،ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سموگ کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن اورگرین ماسٹر پلان بنایا گیا ہے، تمام شعبوں کو اسموگ میں کمی کے حوالے سے اہداف دیے گئے ہیں،اسموگ کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بھی بن چکا ہے، جس کو ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے منصوبوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ای میکنزم ماس آف ٹرانزٹ متعارف کروا رہے ہیں،وزیراعلیٰ نے ای وہیکل پالیسی متعارف کرائی ہے،یہاں موٹر بائیکس چیک کرنے کا قانون ہی موجود نہیں تھا،ہم جرمانے تو کردیتے ہیں لیکن وہیکل سرٹیفکیشن کا انفراسٹرکچر ہی موجود نہیں تھا،ٹو ویلر اور تھری ویلر وہیکلز کیلئے سرٹیفکیشن کا پراسیس شروع ہوچکا ہے،وہیکل سرٹیفکیٹ اور اس سے متعلق تمام معاملات کو سیف سٹی سے منسلک کر دیا ہے۔