بھارت کے وزیرِ اطلاعات و نشریات جیوترادتیہ سِندھیا نے منگل کو کہا تھا کہ بھارت کو اپنی سلامتی سے متعلق امور کا بہت شدت سے احساس ہے۔ براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے کسی بھی ادارے کو اس حوالے سے بھارت کے طے کردہ معیارات کا خیال رکھنا پڑے گا۔ اِس کے بعد ہی اُسے لائسنس جاری کیا جائے گا۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں قائم تھنک ٹینک کوٹ نیتی فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ اسٹار لِنک ایک بڑی کمپنی ہے جس کی خدمات سے بھارت کو فائدہ اٹھانا چاہیے مگر ساتھ ہی ساتھ چند معاملات کو بھی دیکھنا پڑے گا۔ کوٹ نیتی فاؤنڈیشن کے مطابق امریکی فوج اور خفیہ اداروں سے اسٹار لِنک کا غیر معمولی اشتراکِ عمل ایک بدیہی حقیقت ہے۔ ایسے میں بھارت کو اپنے سلامتی سے متعلق امور کا خاص خیال رکھنا پڑے گا۔
کوٹ نیتی فاؤنڈیشن نے اسٹار لِنک کو بھیڑ کی کھال میں بھیڑیے سے مشابہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہرے استعمال والا ادارہ ہے۔ اسٹار لِنک کے لیے سب سے بڑے کسٹمرز میں امریکی فوج اور امریکی خفیہ ادارے نمایاں ہیں۔