کراچی میں خاتون نے 20 تولہ سونے کی چوری کی اور عمرہ کر آئی

117

کراچی: شہر قائد میں ایک خاتون نے ہمسایے کے گھر میں چوری کرکے عمرہ کرلیا اور بالآخر گرفتار کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق لیاری میں بغدادی کے علاقے میں ایک خاتون نے اپنے ہمسایے کے گھر سے بھاری مقدار میں سونا چوری کیا، جس سے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ 20 تولہ تھا، بعد ازاں خاتون نے سونا بیچ کر عمرہ ادا کیا۔

افسران نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 27 اکتوبر کو بغدادی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں مدعی نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کیا گیا ہے، جس کے بعد خفیہ معلومات کی بنیاد پر عمران نامی ملزم کو حراست میں لیا گیا۔

دورانِ تفتیش ملزم عمران نے انکشاف کیا کہ چوری کی یہ واردات دراصل اس کی اہلیہ نے کی ہے، جو 20 تولہ سونا چوری کرنے کے بعد پہلے داتا دربار گئی، پھر سیہون شریف گئی اور وہاں سے واپس آکر 17 تولہ سونا فروخت کردیا اور ان پیسوں سے عمرہ ادائیگی کے لیے روانہ ہو گئی۔

ملزم عمران کے انکشاف  کے بعد پولیس نے عمرے سے واپسی پر خاتون کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 15 لاکھ روپے نقد اور 3 تولہ باقی بچا ہوا سونا برآمد کیا۔