لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کے تدارک کے لیے نئی پابندیاں عائد کردی گئیں۔
انوائرمینٹل پروٹیکشنل ایجنسی پنجاب کے ہدایت نامے کے مطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں 17 نومبرتک تمام تجارتی مارکیٹس، دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجےبندہوں گے۔
نئی پابندیوں میں فارمیسی، میڈیکل اسٹور، میڈیکل لیبارٹریز، ویکسی نیشن سینٹرز، تندور، بیکریاں اور کریانہ اسٹورز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ جبکہ پٹرول پمپس، آئل ڈپو،دودھ کی دکانیں، سبزی و فروٹ کی دکانیں، چکن اورگوشت کی دکانیں بھی پابندی سے مستثنیٰ قرار۔
ہدایت نامے کے مطابق بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز صرف گروسری اور فارمیسی سیکشنز کو کھلا رکھ سکتےہیں۔ شادی ہالز میں ان ڈور تقریبات پرانے اوقات رات 10 بجےتک ایس اوپیز کےساتھ جاری رہیں گی، آؤٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ ان ڈور ڈائننگ کے اوقات محدود رہیں گے، جمعرات تا اتوار رات 11 بجے تک ان ڈور ڈائیننگ اور ٹیک اوے یا پارسل کی اجازت رات ایک بجے تک ہوگی۔
ہدایت نامے کے مطابق بیرونی کھیلوں کے پروگرامز، نمائشوں اور تہواروں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی اور پابندیوں کی خلاف ورزی پر 188 پی پی سی کے تحت کارروائی ہوگی۔