لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنما کی ٹارگٹ کلنگ حکومت اور ایجنسیوں کی ناکامی ہے۔
جماعت اسلامی باجوڑ کے سیکرٹری جنرل صوفی محمد حمید کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم ٹارگٹ کلنگ کے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ حکومت اور ایجنسیوں کی مکمل ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ہر واقعے کے بعد حکومت بیان بازی اور طفل تسلی سے کام لیتی ہے۔ سیکورٹی اداروں کے ناکے اور اور چھاؤنیاں عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ اس طرح کے تسلسل سے بڑھتے واقعات میں ملوث افراد کہاں سے آتے، کہاں چلے جاتے ہیں؟۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی صبر کا امتحان نہ لے، عوام کو تحفظ فراہم کرے۔ ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کے تمام محرکات فوری طور پر سامنے لائے جائیں اور مجرموں کو گرفتار کرکے جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جائے۔