قائد اعظم ٹرافی، کراچی وائٹس کے سعود شکیل کی سنچری ، محمد فیضان کی آل رائونڈر کارکردگی

31

لاہور(اسپورٹس ڈیسک) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن کی خاص بات کراچی وائٹس کے سعود شکیل کی سنچری اور فیصل آباد کے محمد فیضان کی 7وکٹوں اور نصف سنچری کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی تھی۔ کراچی بلوز کے محمد حمزہ نے بھی 7 وکٹیں حاصل کیں۔ میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میرپور میں ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 50 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد حمزہ نے20 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی بلوز نے جواب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے تھے۔فواد عالم نے 62 رنز بنائے۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں لاڑکانہ کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 91 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد فیضان نیصرف 13 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں جو ابھی تک اس ٹورنامنٹ کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔ فیصل آباد نے جواب میں 7 وکٹوں پر 147 رنز بنائے تھے۔محمد فیضان نے 61 رنز اسکور کیے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں حیدرآباد کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 93 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔حارث خانزادہ نے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے54 رنز اسکور کیے۔ وہ اوپن جاکر آخروقت تک ناٹ آؤٹ رہے اور بیٹ کیری کیا۔ محمد موسٰی نے32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسلام آباد نے جواب میں 5 وکٹوں پر 143 رنز بنائے تھے۔ مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف 174 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔خیام خان نے 49 رنز اسکور کیے۔عبید شاہ نے53 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور وائٹس نے 3 وکٹوں پر 81 رنز بنائے ۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں بہاولپور کی ٹیم راولپنڈی کیخلاف پہلی اننگز میں 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد شہریار 74رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاداب خان نے 80 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی نے جواب میں 3 وکٹوں پر 41 رنز بنائے ۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں کراچی وائٹس نے آزاد جموں کشمیر کے خلاف پہلی اننگز میں 8وکٹوں پر 345 رنز بنائے تھے۔سعود شکیل نے18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 120 رنز اسکور کیے یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی22 ویں سنچری ہے۔