الخدمت کے تحت وادیٔ کیلاش میں خواتین کیلیے ووکیشنل سینٹرکا افتتاح

109

راولپنڈی: الخدمت فاونڈ یشن پاکستان نے وادی کیلاش میں خواتین کے لیے ووکیشنل سینٹرکا افتتاح کردیا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹرایجوکیشن احمدجبران بلوچ اور ریجنل صدرخالدوقاص نے خیبرپختونخواکے اضلاع چترال،اپردیراور لوئر دیر کا 3روزہ دورہ کیا، فلاحی پراجیکٹس کاجائزہ لیا اور مختلف ایونٹس میں شریک ہوئے۔

قدیم تہذیبی وادی کیلاش میں ویمن ووکیشنل سنٹر بمبوریت کی پروقارافتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سیدوقاص جعفری نے کہاکہ کیلاش تاریخی، تہذیبی اور سیاحتی مرکز ہے جہاں پاکستان سمیت دنیابھرسے سیاح آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن یہا ں کی مقامی خواتین کو سلائی، کڑھائی اور دیگر ہنر سکھانے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ کیلاش قبیلے کی خواتین اپنی روایات اور ثقافت کو برقرار رکھتے ہوئے معاشی خود کفالت حاصل کر سکیں۔

سید وقاص جعفری کا کہنا تھا کہ ویمن ووکیشنل سنٹر کا قیام خواتین کی فلاح و بہبود اور معاشی استحکام کے لیے عمل میں لایا گیا ہے تاکہ کیلاش قبیلے کی خواتین کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی ترقی میں معاونت فراہم کی جاسکیں۔ کیلاش کی بہادرخواتین ہنرمنداورمحنتی ہیں ان کی صلاحیتوں کومزیدپروان چڑھانے کے لیے سینٹرقائم کیاگیا، مزیدفلاحی منصوبوں کاسلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ الخدمت کے پاکستان بھرمیں ووکیشنل سینٹرز قائم ہیں جن سے نوجوانوں سمیت مردخواتین کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے،جو کورسزکے بعد کاروباراو ر جابز کے ذریعے اپنے خاندانوں کی کفالت کررہے ہیں۔ وادی کیلاش کے عمائدین نے فلاحی منصوبے کے قیام پر الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ اداکیا۔