انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے بالی کے قریب آتش فشاں پھٹنے سے راکھ کے بادلوں کے آسمان کی بلندیوں کو چھونے کے بعد کئی پروازیں منسوخ کردیں گئی جس کے نتیجے میں سیکڑوں مسافر گھنٹوں محصور رہے۔
بالی ایئرپورٹ کے جنرل منیجر احمد سیوگی شہاب کا کہنا تھا کہ بدھ کی دوپہر تک حالیہ آتش فشانی کی وجہ سے 26 ملکی اور 64 بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں۔
خبر رساں ادارےنے بالی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے جنرل مینیجر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک روز قبل فلورس جزیرے پر واقع پہاڑ لیوتوبی لکی-لاکی سے 9 کلومیٹر بلند شعلے بلند ہونے کی وجہ سے کم از کم 16 بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں۔جن میںسنگاپور، ہانگ کونگ، قطر، بھارت، آسٹریلیا، ملیشیا، چین اور جنوبی کوریا کی پروازیںشامل ہیں۔
بالی ایئرپورٹ پر موجود اے ایف پی کے صحافی کے مطابق آسٹریلیا کی جیٹ اسٹار، قنطاس اور ورجن ایئرویز جبکہ ملیشیا ایئرلائن، ایئر ایشیا، بھارت کی انڈی گو اور سنگاپور کی سکوٹ نے بدھ کے روز اپنی پروازوں کو منسوخ کیا۔
خیال رہے کہ آتش فشاں پھٹنے سے پروازوں کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں کیونکہ باریک راکھ جہازوں کے انجنوں کو متاثر اور ونڈ اسکرین کو حد نگاہ صفر ہونے تک دھندلا کرسکتی ہے۔