چور چور کی گردان کرنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا،عظمیٰ بخاری

156

لاہور:وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ چور چور کی گردان کرنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، قوم کے بچوں کو اقتدار کی ہوس میں جھونک کر  اپنے بچے لندن میں انجوائے کروا رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ  بانی تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی سیاسی زندگی ڈھیل اور ڈیل کے گرد گھومتے گزری ہے،پی ٹی آئی نے ملک میں کبھی مثبت کردار ادا نہیں کیا، جس کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیلا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ملک میں خوش حالی لوٹ رہی ہے، سرمایہ کاری آ رہی ہے، بیرون ملک سے تاجر اپنا کاروبار کرنے کے لیے پاکستان کا رخ کررہے ہیں، بہت جلد ملک میں بے روزگاری ختم ہوجائےگی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ادارے ہروقت تیار ہوتے ہیں، ملک میں جو بھی فتنہ وفساد برپا کرے گا، اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، احتجاج کے نام پر غنڈہ گردی کرنے والوں  کو کھلی چھوٹ نہیں دی جاسکتی۔