گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی،بالائی علاقوں میں برفباری بھی متوقع

281
snowfall is also expected in the upper regions

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں کل 14 سے 16 نومبر کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 نومبر سے 16 نومبر کے دوران پہاڑی علاقوں پر برف باری بھی متوقع ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ 14 نومبر سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق 14 نومبر سے 15 نومبر کے درمیان اسلام آباد راولپنڈی، پشاور، لاہور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  چٹیل، دیر سوات، بٹگرام، ایبٹ آباد، مری گلیات، کشمیر اور جی بی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بارش کے سلسلے کے دوران اسلام آباد خطہ پوٹھوہار، کے پی اور بالائی پنجاب کے علاقوں میں جاری اسموگ میں کمی کا امکان ہے، بارشوں کے سلسلے سے فضائی آلودگی میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے بعد پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔