طالبان حکومت نے طالب علم کو ممبئی میں قونصل جنرل کے منصب کے لیے نامزد کردیا

239

افغانستان کی طالبان حکومت نے ایک طالبِ علم کو بھارت کے تجارتی دارالحکومت ممبئی کے لیے قونصل جنرل کے منصب کے لیے نامزد کردیا ہے۔ بھارتی حکومت کی طرف سے منظوری کا انتظار ہے۔

افغانستان کی طلوع نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ اکرام الدین کامل نے سات سال تک بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی ساؤتھ ایشیا یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرکے بین الاقوامی قانون میں پی ایچ ڈی کیا ہے۔ اکرام الدین کامل کا نام ممبئی میں قائم مقام قونصل جنرل کے طور پر دیا گیا ہے۔

بھارت کے اعلیٰ عہدیداروں کا ایک وفد گزشتہ ہفتے کابل گیا تھا۔ اس دورے میں بھارتی وفد نے باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔ ایک ہفتے کے اندر ہی نتیجہ سامنے آگیا ہے اور دونوں ممالک بہت سے معاملات میں مشترکہ موقف کے ساتھ آگے بڑھنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔

افغانستان کی طالبان حکومت نے سفارت کاروں کے تقرر میں اب تک خاصے تساہل کا مظاہرہ کیا ہے۔ دنیا بھر میں اس حوالے سے خاصا ابہام بھی پایا جاتا ہے۔ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے میں بھی بیشتر ممالک کو تامل ہے اور دوسری طرف طالبان حکومت بھی ایسے اقدامات کرتی رہی ہے جن کے نتیجے میں اُس کے لیے قبولیت کی راہ مزید مسدود ہوتی گئی ہے۔